ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ایوان کے آپریشن میں تمام جماعتیں تعاون کریں، راجیہ سبھا چیئرمین وینکیا نائیڈو کی اپیل

ایوان کے آپریشن میں تمام جماعتیں تعاون کریں، راجیہ سبھا چیئرمین وینکیا نائیڈو کی اپیل

Sun, 31 Jan 2021 21:19:56    S.O. News Service

نئی دہلی،31؍جنوری(ایس او نیوز؍یو این آئی) راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے دوران ایوان کے کام کاج کو آسانی سے چلانے کے لئے اتوار کے روز تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ ایک میٹنگ کی اور ان سے تعاون کی اپیل کی، نائب صدر کی رہائش گاہ پر منعقدہ اس میٹنگ میں راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش، قائد ایوان تھاورچند گہلوت، قائد حزب اختلاف غلام نبی آزاد، پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی، رہائشی اور شہری امور کے وزیر ہریدیپ سنگھ پوری، وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن، وزیر خارجہ ایس. جے شنکر، وزیر ریلوے پیوش گوئل، بھارتیہ جنتا پارٹی کے بھوپندر یادو، جنتا دل (سیکولر) کے ایچ ڈی دیو گوڑا، کانگریس کے آنند شرما اور جے رام رمیش، سماج وادی پارٹی کے رام گوپال یادو، تلنگانہ راشٹر سمیتی کے، کے۔ کیشیو راؤ، وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے اے وجے سائی ریڈی، دراوڈ مونیترا کزگم کے تروچی شیوا، بیجو جنتا دل کے پرسنا اچاریہ، انا دراوڈ مونیترا کزگم کے اے نونیت کرشنن، راشٹریہ جنتا دل کے پریم چند گپتا، عام آدمی پارٹی کے سنجے سنگھ، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے ایلاورم کریم اور تلگو دیشم پارٹی کے کنکمیدلا رویندر کمار موجود تھے۔

ذرائع نے اتوار کے روز یہاں بتایا کہ تمام رہنماؤں نے ایوان کے آپریشن میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ بجٹ اجلاس کے پہلے مرحلے میں راجیہ سبھا کی آخری میٹنگ 13 فروری کو ہوگی۔ پہلے یہ 15 فروری کو طے کی گئی تھی۔

میٹنگ کے دوران نائیڈو نے صدرکے خطبے کی شکریہ کی تحریک اور بجٹ پر تبادلہ خیال کے لئے زیادہ وقت دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں امور پر ممبران اپنے مطالبات اور تجاویز کو بہتر طریقے سے رکھ سکتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بل پیش کرتے یا جواب دیتے وقت وزراء کو مختصر بیانات کا فن سیکھنا چاہیے جس سے ممبران کو زیادہ سے زیادہ بولنے کا موقع مل سکے۔ میٹنگ میں چھوٹی پارٹیوں کو زیادہ وقت دینے پر بھی غورکیا گیا۔


Share: